ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری پر شیو سینا ترجمان اخبار’ سامنا‘ میں مودی سرکار کی تنقید

بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری پر شیو سینا ترجمان اخبار’ سامنا‘ میں مودی سرکار کی تنقید

Sun, 05 Sep 2021 12:45:48    S.O. News Service

ممبئی ،5؍ستمبر ( ایس او نیوز؍ایجنسی)  مہاراشٹر کی حکمراں اتحادی میں شامل شیو سینا نے بے روزگاری کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے اپنے اخبار اور ترجمان ’سامنا ‘میں حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ بے روزگاروں کوہاتھ میں گھنٹہ تھما دیا ۔ اداریہ میں پارٹی نے حکومت کی مسلسل نجکاری سے متعلق فیصلوں پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ شیو سینا نے کہا ہے کہ ملک کی جائیداد ’کرائے پر‘ دے کر حکومت کو لطف اندوز ہونے کا منصوبہ ہے، وہیں نوٹ بندی کے مرکز کے فیصلے کو بھی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا گیا ہے۔’سامنا‘ میں شائع اداریہ کے مطابق اگست کے مہینے میں 16 لاکھ لوگوں نے اپنی ملازمتیں کھو دی ہیں، دیہی علاقوں میں بے روزگاری نے او ر بھی تباہی مچا رکھی ہے، شہروں کی صورت حال بھی مختلف نہیں ہے۔ لوگوں اور نوجوانوں کوروزگار کی ضرورت ہے ،لیکن بی جے پی نے روزگاری کا ’گھنٹہ‘تھمادیا ہے ۔ شیو سینا نے دعویٰ کیا ہے کہ 16 کروڑ لوگوں کے بے روزگار ہونے کا یہ اعداد و شمار تازہ ترین ہے۔ادرایہ کے مطابق مودی حکومت کی جانب سے ملک پر نوٹ بندی کا غیر ذمہ دارانہ طریقہ ، نوٹ بندی سے تباہ حال معیشت کے تحت دو کروڑ نوکریاں چلی گئیں۔ نوٹ بندی معیشت کیلئے ایک شدید بحران تھا، اور 20 ملین سے زائد افراد ہمیشہ کے لیے اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شیوسینا نے کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر حکومت کی تیاریوں پر سوال اٹھایا ہے۔شیو سینا نے لکھا کہ نوٹ بندی کے بعد کورونا اور لاک ڈاؤن آیا۔ اس عرصہ کے دوران بھی اسی تعداد میں لوگ روزگار سے محروم ہوئے۔ تجارت و صنعت اور کاروبار بند ہو گیا، لیکن ان لوگوں کے لیے کیا انتظامات کیے گئے ہیں جنہوں نے اس عرصے میں اپنی ملازمتیں کھو ئی ہیں ۔ مودی حکومت نے 7 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس عرصے کے دوران ملک میں کتنی نئی سرمایہ کاری ہوئی ، کتنی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ، معیشت کو کتنی تقویت پہنچی، کتنی نئی نوکریاں پیدا ہوئیں۔ حکومت نے اس کے متعلق کوئی اعداد و شمار کبھی پیش نہیں کئے ۔


Share: